Featuredپنجاب

شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج: مقدمہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے درج کیا

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے آڈیو لیک کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی اے کے سائبرکرائم ونگ نے شوکت ترین کے خلاف آڈیو لیکس پر مقدمہ درج کرایا ہے۔

شوکت ترین پر بغاوت اور عوام میں شرانگیزی پھیلانے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں پیکا آرڈیننس کی شق 20 بھی شامل ہے۔

درج مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ کو کال کی اور انہیں وفاق کے خلاف اکسایا۔

معاملے کا پس منظر
22 ستمبر 2022 کو سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی جس میں وہ اس وقت کے پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری اور خیبرپختونخوا کے وزیر تیمور جھگڑا سے الگ الگ گفتگو کررہے تھے۔

مبینہ آڈیو کال میں شوکت ترین نے دونوں رہنماؤں کو آئی ایم ایف معاہدے کے تناظر میں وفاقی حکومت کو جواب دینے کے بارے میں مشورے دیئے تھے۔

مبینہ ٹیلفونک گفتگو میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب روپے کی کمٹمنٹ دی ہے آپ سب نے سائن کیا ہے، حکومت پردباؤ ڈالنے کیلئے آئی ایم ایف سے کہا جائے کہ آپ سے کمٹمنٹ سیلاب سے پہلے کی تھی، اب ہم سیلاب متاثرین پر پیسے خرچ کررہے ہیں، اس لئے ہماری لئے مشکلات ہوسکتی ہے۔

شوکت ترین نے صوبائی وزیرخزانہ کو زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے اب آئی ایم ایف کو لکھنا ہے کہ اب ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کر پائیں گے، بس یہی لکھنا ہے آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔

صوبائی وزیرخزانہ محسن لغاری نے شوکت ترین سے دریافت بھی کیا کہ کیا اس سے ریاست کومشکل نہیں ہوگی۔

جس پر شوکت ترین نے پارٹی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے چئیرمین سے کس طرح ٹریٹ کررہی ہے، یہ تو نہیں ہوسکتا کہ وہ ہم پر کیسز کرتے رہیں، بلیک میل کرتے رہیں اور ہم ان کی مدد کرتے رہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close