Featuredاسلام آباد

سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ طے

سپریم کورٹ آف پاکستان ( Supreme Court of Pakistan ) میں پنجاب ( Punjab ) اور ( Khyber Pakhtunkhuwa ) خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے اجراء میں تاخیر کے تنازع سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت جاری ہے۔ جسٹس مظہر علی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کے پاس تاریح نہ دینے کا کوئی اختیار نہیں۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات میں تاخیر سے متعلق سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس ( Suo motu ) کی سماعت آج بروز منگل 28 فروری کو جاری ہے۔ گزشتہ روز سماعت کرنے والے 9 رکنی لارجر بینچ سے 4 اراکین کے خود الگ ہونے کے بعد 5 رکنی بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔

آج سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے اعتراض کیا کہ عدالتی حکم میں سے سپریم کورٹ بار کے صدر کا نام نکال دیا گیا تھا، سپریم کورٹ بار ایسویشن کو ادارے کے طور پر جانتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو عدالت میں لکھوایا جاتا ہے وہ عدالتی حکمنامہ نہیں ہوتا، جب ججز دستحط کردیں تو وہ حکمنامہ بنتا ہے۔

دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے دلائل شروع کیے جب کہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ صدر اور گورنر معاملے میں کابینہ کی ایڈوائس کے پابند ہیں، کیا الیکشن کی تاریخ صدر اور گورنرز اپنے طور پر دےسکتے ہیں؟

اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ نگران حکومت کی تعیناتی اور الیکشن کی تاریخ پر گورنر کسی کی ایڈوائس کاپابند نہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ جہاں صوابدیدی اختیار ہو وہاں کسی ایڈوائس کی ضرورت نہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسمبلی تحلیل کا نوٹی فیکیشن کون کرے گا ؟ عابد زبیری نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کا نوٹیفکیشن سیکریٹری قانون نے جاری کیا۔

اٹارنی جنرل نے اعتراض کیا کہ عابد زبیری درخواست گزار کے وکیل ہیں، بار کی نمائندگی نہیں کرسکتے، عابد زبیری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کا وکیل ہوں، کسی سیاسی جماعت کا نہیں، سپریم کورٹ ماضی میں قرار دے چکی ہے انتخابات 90 روز میں ہی ہونے ہیں۔

دوران سماعت اسپیکرز کے وکیل علی ظفر ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری، جے یو آئی (ف) کے وکیل کامران مرتضی، صدر مملکت کے وکیل سلمان اکرم راجا، اٹارنی جنرل شہزاد الہیٰ بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ صدر ہر اقدام حکومت کی ایڈوائس پر کرتے ہیں، گورنر بھی صوبائی حکومت کی ایڈوائس پر عمل کرتے ہیں، عابد زبیری نے استدلال کیا کہ گورنر کو اختیار ہے اسمبلی تحلیل کرنے کا، آئین میں اسمبلی کی تحلیل کے 4 طریقے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن کون کرے گا، عابد زبیری نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ ایڈوائس کرتا ہے تو گورنر نے نوٹیفکیشن کرنا ہوتا ہے، اگر گورنر دستخط نہیں کرتا تو 48گھنٹوں میں ازخود تحلیل ہو جاتی ہے، اس کیس میں گورنر کے بجائے اسمبلی تحلیل کا نوٹیفکیشن سیکریٹری لا نے کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے وکیل عابد زبیر نے کہا کہ سیف اللہ کیس 12 ججز نے انتخاب کے عمل کو لازمی قرار دیا، جسٹس جمال نے کہا کہ آرٹیکل 48 کہتا ہے کہ صدر کا ہر عمل اور اقدام حکومت کی سفارش پر ہوگا، آیا موجودہ حکومت یا سابقہ حکومت انتخاب کے اعلان کا کہے گی؟

چیف جسٹس نے کہا کہ اس کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا ایڈوائس پر ہوگا، عابد زبیری نے کہا کہ آئین میں اسمبلی کی تحلیل کے چار طریقے بتائے گئے ہیں، جسٹس منیب اختر نے کہا کہ نگران حکومت تو 7 روز بعد بنتی ہے، آئین کی مختلف شقوں کی آپس میں ہم آہنگی ہونا ضروری ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ پنجاب کے کیس میں وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کیا گورنر نے نہیں، عابد زبیری نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 112 کے مطابق عدم اعتماد ایڈوائس پر یا پھر 48 گھنٹوں میں حکومت ختم ہوسکتی ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین کے مطابق آج بھی حکومت گورنر سے انتخاب کا کہہ سکتی ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر حکومت کی تاریخ کے حوالے سے ایڈوائس آجائے تو گورنر کیسے انکار کرسکتا ہے، عابد زبیری نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب میں 22 جنوری کو نگران حکومت آئی تھی، نگران حکومت کا اختیار روزمرہ کے امور چلانا ہیں۔

کمرہ عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور ججز کے درمیان مکالمہ بھی ہوا۔ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ کیا انتخابی مہم کا دورانیہ کم نہیں کیا جاسکتا؟ جس پر وکیل ای سی پی نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے وقت درکار ہوتا ہے، انتخابی مہم کا دورانیہ 2 ہفتے تک کیا جاسکتا ہے، جوابا جسٹس منیب نے کہا کہ آئین پر عمل کرنا زیادہ ضروری ہے۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ انتخابات 90 دن میں ہی ہونا لازمی ہیں تو 1988ءکا الیکشن مشکوک ہوگا؟ 2008ء کا الیکشن بھی مقررہ مدت کے بعد ہوا تھا۔ اس پر جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ پہلا سوال تو یہ ہے کہ تاریخ دے گا کون؟ الیکشن کمیشن کی تاریخ آنے پر ہی باقی بات ہوگی، قانون میں تاریخ دینے کا معاملہ واضح کردیا جاتا تو آج یہاں نہ کھڑے ہوتے۔

کیس کی سماعت جاری ہے۔

واضح رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مظاہر اکبر نقوی اور جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے سماعت سے معذرت کرلی تھی۔

عبوری حکم نامہ
سماعت کے آغاز سے قبل سپریم کورٹ نے 23 فروری کو ہونے والی سماعت کا عبوری حکم نامہ جاری کردیا۔

9 ججز پر مشتمل بینچ کو گزشتہ روز صبح ساڑھے 11 بجے سماعت کا آغاز کرنا تھا لیکن بینچ کی تشکیل نو کے بعد کارروائی بالآخر دوپہر ڈیڑھ بجے دوبارہ شروع ہوئی۔

3 سوالات
قبل ازیں از خود نوٹس پر سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ازخود نوٹس 3 سوالات پر لیا جائے گا۔

پہلا یہ کہ اسمبلی تحلیل ہونے پرالیکشن کی تاریخ دینا کس کی ذمہ داری ہے؟

انتخابات کی تاریخ دینے کا آئینی اخیتار کب اور کیسےاستعمال کرنا ہے؟

آخری اور اہم سوال وفاق اور صوبوں کے عام انتخابات کے حوالے سے ذمہ داری کیا ہے؟۔

صدر کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان
واضح رہے کہ رواں ماہ 20 فروری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے لیے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔

خط میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 دو کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کرے اور چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں لہٰذا سیکشن 57 ایک کے تحت صدر کے اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

صدر عارف علوی نے لکھا تھا کہ آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے، آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا لہٰذا آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، دونوں آئینی دفاتر اردو کی پرانی مثل ’پہلے آپ نہیں، پہلے آپ‘ کی طرح گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں ڈال رہے ہیں، اس طرزِ عمل سے تاخیر اور آئینی شقوں کی خلاف ورزی کا سنگین خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close