Featuredپنجاب

زمان پارک میں پولیس آپریشن کے دوران اسلحہ سمیت کئی ممنوعہ اشیاء برآمد

عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے دوران اسلحہ سمیت کئی ممنوعہ اشیاء برآمد کرلی گئیں۔

پنجاب پولیس نے لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پر اس وقت آپریشن کیا جب سابق وزیراعظم توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد روانہ ہوچکے تھے۔

پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ سے اسلحہ برآمد کرلیا، جس میں 16 رائفلیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اسلحہ سرکاری نظر آرہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے سرچ وارنٹ جاری ہوئے تھے جس کے بعد کارروائی کی گئی، آپریشن میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں۔

اس سے قبل آپریشن کے دوران منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ زمان پارک کے گملوں میں کنچوں (بلور) کی بڑی تعداد بھی رکھی ہوئی تھی، جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ غلیلوں میں رکھ کر پولیس اہلکاروں پر پھینکے جاتے تھے۔

اس سے قبل نگراں وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے سماء سے گفتگو میں کہا تھا کہ عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں آپریشن پُرتشدد واقعات میں ملوث افراد کیخلاف ہورہا ہے، زمان پارک کے اندر سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، پیٹرول بم بھی پھینکے گئے تھے۔

نگراں وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نو گو ایریا ختم کیا جارہا ہے، قانون کی عملداری کرائی جارہی ہے، ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے آپریشن ہورہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close