Featuredسندھ

اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری، بلاول اور بختاور سمیت پی پی رہنماؤں کا سخت ردعمل

پاکستان پیپلز پارٹی گرفتاریوں اور جیلوں سے ڈرتی نہیں ہے

اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ پر قبضے کی سازش قرار دیا ہے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں بختاور بھٹو نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری پاکستان اور جمہوریت کی بے عزتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ پر مقدمات اور ان کا نام ای سی ایل پر ڈالنا بھی جمہوریت کی بے عزتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی 27 دسمبر کی تقریر سے قبل ان کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا، اس کے بعد تحریک انصاف نے پریس کانفرنس میں سندھ پر قبضے کا دعوی کیا تھا۔

رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج درانی کیخلاف کیس ابھی محض انکوائری کے مرحلے میں ہے اور انکوائری کے مرحلے میں گرفتاری کیسے ہوسکتی ہے، سب جانتے ہیں کہ اسپیکر اسمبلی کے کسٹوڈین اور منتخب اراکین کے حقوق کے نگران ہیں۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سنیٹر مولا بخش چانڈیو نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج ایک شخص نہیں اسپیکر سندھ اسمبلی ہیں انہیں ایسے کیسے گرفتار کیا جاسکتا ہے، سندھ کے اسپیکر کو اسلام آباد سے ہتھکڑیاں لگاکر کراچی لے جانا کیا پیغام دے گا، اگر گرفتاری قانونی ہے تو آغا سراج کو کراچی گرفتار کرنے کے بجائے اسلام آباد سے کیوں اٹھایا گیا۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت تمام صوبوں کا ہے، کسی ایک جماعت کا نہیں، حکومت نے یہ تاثر دیا ہے کہ چھوٹے صوبہ سندھ کے نمائندے اسلام باد میں محفوظ نہیں ہیں، تحقیقات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر دفاع کیخلاف بھی جاری ہیں، تحریک انصاف کے اِن رہنماؤں کو کیوں کوئی پوچھنے والا نہیں، وفاقی حکومت نے ملک و قوم کو افراتفری کے سوائے کچھ نہیں دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اسپیکر آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کے لئے الگ اور اپوزیشن کے لئے الگ قانون ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کو گرفتاریوں اور جیلوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا، نیب کے ذریعے صرف اپوزیشن کے لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آغا سراج دورانی کی گرفتاری سراسر انتقامی کارروائی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی گرفتاریوں اور جیلوں سے ڈرتی نہیں ہے، نیب اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کرکے لوگوں کو ہراساں کر رہی ہے، آغاسراج درانی کو دھوکے سے بلاکر گرفتار کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، علیمہ خان آزاد ہیں اور آغا سراج درانی کو جھوٹے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close