Featuredاسلام آباد

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج نے بھی عمران خان کیلئے نوبیل امن انعام کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: بھارت کی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے بھی وزیراعظم عمران خان کے لیے نوبیل امن انعام کا مطالبہ کر دیا۔ جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی عدالت عظمیٰ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی نورا کشتی کر رہے ہیں انہیں کوئی جنگ نہیں کرنی بلکہ انہیں صرف الیکشن جیتنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت دو غریب ملک ہیں اور دونوں آپس میں جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

مرکنڈے کاٹجو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے جو تقریر کی وہ بہت متاثر کن تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے بالکل ٹھیک بات کی تھی کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، آئیں بیٹھ کر بات کریں، ان کی تقریر کو صرف جنوبی ایشیا میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیلایا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ پاکستانی لوگ تو اپنے وزیراعظم کو صرف ایک کرکٹر اور ایک سیاستدان کے طور پر دیکھتے ہیں لیکن جس طرح انہوں نے جنگوں کی تاریخ کا حوالہ دیکر تقریر کی تو میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے آکسفورڈ یونی ورسٹی میں صرف کرکٹ ہی نہیں کھیلی بلکہ تاریخ بھی پڑھی ہے اور وہ ایک اسکالر ہیں۔

اپنے ملک کے میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے بہت ہی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، 90 سے 95 فیصد بھارتی میڈیا بکا ہوا ہے اور صرف 5 سے 10 فیصد لوگ پروفیشنل صحافت کر رہے ہیں۔

سخت بیانات پر جان کے خطرے سے متعلق سوال پر مرکنڈے کاٹجو کا کہنا تھا کہ جب بندہ سچ بول ر ہا ہو تو جان کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آج لوگ ہماری بات کو نہیں مان رہے تو کل ضرور مانیں گے اور بھارت میں بھی اب جنگ مخالف بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

پاک فضائیہ کے حملے میں تباہ ہونے والے بھارتی جنگی جہاز کے گرفتار پائلٹ کی رہائی کے بعد سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کے لیے نوبیل امن انعام کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کے لیے دانش مندانہ کردار ادا کیا اور انہوں نے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا، امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبیل امن انعام دیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس کے جواب میں سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ میں نوبیل امن انعام کا حقدار نہیں ہوں، نوبیل امن انعام کا اصل حقدار وہ ہو گا جو کشمیر کا مسئلہ حل کرے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close