Featuredسندھ

آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ، پیپلز پارٹی نے حکمت عملی کا اعلان کردیا

کراچی: پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی ممکنہ گرفتاری اور سندھ حکومت کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو کی قیادت میں رابطہ عوام مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، بلاول بھٹو زرداری کراچی سے لاڑکانہ تک بذریعہ سڑک شہر شہر، گاؤں گاؤں ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کریں گے، اس بات کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل کے وزیراعلی ہاؤس کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نثار کھوڑو، سید قائم علی شاہ، امتیاز شیخ، سید خورشید شاہ، مولا بخش چانڈیو، شیری رحمان، آفتاب شاہ جیلانی و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، شرجیل میمن سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف نیب مقدمات اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی راولپنڈی منتقلی کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ حکومت کی معاشی ناکہ بندی کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر این ایف سی ایوارڈ کے اجراء اور سندھ حکومت کے حصے کے ایک سو 20 ارب روپے فوری جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، ساتھ ہی ساتھ سانحہ نیوزی لینڈ پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر بذریعہ سڑک لاڑکانہ جائیں گے اور ان کے سفر کو رابطہ عوام مہم میں تبدیل کیا جائے گا، بلاول بھٹو کراچی سے لاڑکانہ تک شہر شہر، گاؤں گاؤں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے صحافیوں کو بتایا کہ سندھ کونسل نے شہید بھٹو کی چالیسویں برسی پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چار اپریل سے پہلے بلاول کی قیادت میں بذریعہ سڑک عوامی رابطے پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت ملک میں ہے اور ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اگر انہوں نے ٹھان لی ہے کہ گرفتار کرنا ہے تو ہم تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین اکثر کہتے ہیں عوام کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، سندھ کے ساتھ جان بوجھ کر غلط کیا جارہا ہے، سندھ کے حصے کے جائز پیسے نہیں دیئے جارہے ہیں جس سے سندھ کی ترقی رک گئی ہے، وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ بددیانتی کررہی ہے اور صوبے کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی گیس پیٹرول مہنگا کیا گیا ہے، مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں ہورہی ہے، ہم یوٹرن لینے والے نہیں، سندھ میں عوامی سمندر سڑکوں پر ہوگا، عمران خان نے طالبان کے خلاف مارچ کا اعلان کیا تھا مگر روڈ پر لگا ہوا چونا دیکھ کر واپس آگئے تھے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ بینظیر کو ہم سے جدا کیا گیا، ہم نے غم کو عوامی طاقت میں تبدیل کیا، ہم عوامی حقوق کے لئے نگلیں گے، اللہ بلاول کی حفاظت کریگا۔ شیخ رشید کی تنقید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close