Featuredاسلام آباد

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں اوگرا کرتی ہے، وزیر خزانہ اسد عمر

سلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں اوگرا کرتی ہے حکومت پیٹرول پر وصول کیے گئے ٹیکس میں کمی و بیشی کرسکتی ہے، بجٹ سے قبل ایک اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری ٹیکس ایمنسٹی کا پر زور مطالبہ کررہی ہے، اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر کرنے کیلیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم بجٹ سے پہلے ہی لائی جائے گی، ابھی اس اسکیم کے خدوخال تیار کیے جارہے ہیں، اسکیم لانے کی منطق یہ ہے کہ لوگ جیل جانا پسند نہیں کریں گے بلکہ اپنا پیسہ لائیں گے۔

سیاست دانوں اور سول سرونٹس کو بھی ایمنسٹی سے فائدے اٹھانے کی تجویز ہے

وزیر خزانہ نے کہا کہ نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے ہم نے تجاویز طلب کی ہیں، یہ تجویز بھی آئی تھیں کہ سیاست دانوں اور سول سرونٹس کو بھی ایمنسٹی سے فائدے کی اجازت دی جائے تاہم اسکیم پر ابھی سوچا جا رہا ہے ابھی کوئی حتمی پلان نہیں بنایا گیا۔

نان فائلر کے لیے جائیداد کی خریداری پر سے پابندی جلد ہٹادیں گے

وزیر خزانہ نے کہا کہ یکم جولائی سے نان فائلر کے لیے جائیداد کی خریداری پر پابندی بھی ہٹادی جائے گی، کے پی، فیڈریشن اور  پنجاب میں نان فائلر کے لیے جائیداد کی خریداری کی اجازت دے دی جائے گی تاہم اس کے لیے پراپرٹی ویلیو ایشن کا نظام درست کرنا ہوگا۔

پیٹرول کی قیمت 75 روپے اور ٹیکس 23 روپے وصول کررہے ہیں

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ اس وقت پٹرول کی بنیادی قیمت (بیسک پرائس) 75 روپے 57 پیسے فی لیٹر ہے اور اس کی قیمت میں 23 روپے 30 پیسے ٹیکس شامل ہے، حکومت پیٹرول کی قیمتیں مقرر نہیں کرسکتی بلکہ صرف پیٹرول پر ٹیکس کی شرح میں کمی یا اضافہ کرتی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتا ہے، ہماری سفارشات کو کئی دفعہ وزیراعظم نے نہیں مانا۔

یہ کبھی نہیں کہا کہ ڈالر کو  140 روپے پر ہی روکیں گے

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ ڈالر کو  140 روپے پر ہی روکیں گے، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ابھی روپے کی قدر ڈالر کی اصل ویلیو کے برابر ہے، ڈالر میں ملکی معیشت کا حجم کم ہوگا لیکن روپے کی صورت میں معیشت کا حجم بڑھ جائے گا۔ پی ٹی آئی کے 9 ماہ کے دور میں سرکاری غیر ملکی قرضے میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جب کہ جنوری 2017ء سے مارچ 2018ء تک غیر ملکی قرضوں میں 6 ارب 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

غیرملکی کرنسی اکاؤنٹس کے ذریعے  پیسہ باہر بھجوانے کیلیے ترمیم لا رہے ہیں

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد 2000 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کی وجہ سے دفاعی اخراجات پر اثر پڑے گا مگر کتنا پڑے گا یہ ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا، غیرملکی کرنسی اکاؤنٹس کے ذریعے  پیسہ باہر بھجوانے کے لیے ترمیم لا رہے ہیں، فارن کرنسی اکاؤنٹس سے سرمایہ کاری کے لیے پیسہ باہر بھجوانے کے لیے اسٹیٹ بینک کی شرائط لاگو ہوں گی۔

جہانگیر ترین وزیراعظم کی اجازت سے کابینہ اجلاس میں بیٹھتے ہیں 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین پر سرکاری عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کی ہے، عدالت عظمیٰ نے ان کے سانس لینے پر پابندی نہیں لگائی، وزیر اعظم کابینہ اجلاس میں کسی کو بھی بلاسکتے ہیں، جہانگیر ترین وزیراعظم کی اجازت سے کابینہ اجلاس میں بیٹھتے ہیں سرکاری فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوتے، معیشت سے متعلق تمام فیصلے میں کررہا ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close