Featuredاسلام آباد

اسد عمر کی وزارت خزانہ سے علیحدگی پر اپوزیشن کا شدید طنز اور تنقید

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے وزارت چھوڑنے سے متعلق بیان کے بعد اپوزیشن کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ قوم کو مبارک ہو، پیپلز پارٹی کے مطالبے پر حکومت کی پہلی وکٹ اڑ گئی، عمران خان حکومت کی مزید وکٹیں بھی جلد گر جائیں گی اور حکومت کی پوری ٹیم 50 اوورز سے بہت پہلے پویلین لوٹ جائےگی۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بدترین بحران میں دھکیل دیا ہے، معاشی بحران کے بعد ملک میں گورننس کا بدترین بحران پیدا ہوگیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم سے نہ معیشت چل رہی ہے اور نہ خارجہ امور چلا پارہے ہیں۔

شہباز شریف کا رد عمل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اسد عمر کے استعفے پر رد عمل میں کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ پاکستان کی معیشت انا، ضد اور تکبر کی زد میں ہے، عمران نیازی ضد، انا اور تکبر کو چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن میثاق معیشت کی پرخلوص پیشکش کی تھی، وقت ضائع نہ کیا جاتا تو ملک کو موجودہ معاشی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا، مزید وقت ضائع ہوا تو معاشی اقتصادی لحاظ سے سنگین نتائج جھیلنا پڑیں گے۔

 عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں: مریم اورنگزیب

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اگر حکومت کی پالیسیاں بہت اچھی تھیں تو پھر  اسد عمر کو وزرات خزانہ چھوڑنے کا کیوں کہا گیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں، اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان خود ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑی دیر کی مہربان آتے آتے، پی ٹی آئی کی پہلی وکٹ گر گئی، اسد عمر نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا، یہ لوگ ملک چلانے کی اہلیت اور قابلیت نہیں رکھتے۔

سینیٹر آصف کرمانی کا مزید کہنا تھا کہ اسد عمر نے غریب عوام کے لیے روٹی کمانا مشکل بنا دیا، ان کی نا تجربہ کاری سے مہنگائی ہوئی، ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close