Featuredسندھ

پیپلز پارٹی ملک میں محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں علمبردار کا کردار نبھاتی رہے گی، بلاول بھٹو زرداری

موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں جب کہ حکومت نے غریب مزدوروں سے روٹی بھی چھین لی ہے، پیپلز پارٹی ملک میں محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں علمبردار کا کردار نبھاتی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے یوم مئی پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اپنے حقوق کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے محنت کشوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کے محنت کش طبقات آج بھی اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت میں عوام کی مرضی چلتی ہے تھرڈ امپائر کی نہیں: بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ آج کل مزدوروں کے حقوق پر نقب زنی عروج پر ہے جب کہ نیازی حکومت مزدوروں کے مفادات کا متضاد بن چکی ہے، موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی آسمان پر پہنچا کر غریب مزدوروں سے روٹی ہی چھین لی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں اور ایسے مشکل حالات میں صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو سنبھال سکتی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کاروبار دوست اقدامات اور محنت کشوں کے مفادات کے درمیان توازن برقرار رکھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 1973ء کا آئین محنت کشوں کی منصفانہ اجرت، ان کی حفاظت اور یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور پیپلز پارٹی کے نظریے کی اساس بھی مزدور دوستی اور جمہوریت ہی ہے۔

بلاول نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دورِ حکومت کے دوران ملک میں پہلی بار مزدور پالیسی کا اجراء کیا اور ملک میں ٹریڈ یونینز کے حقوق متعارف کرائے تھے۔

مزدوروں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بے نظیر ایمپلائز اسٹک آپشن اسکیم کا اجراء کیا تھا جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے متفقہ سہہ فریقی لیبر پالیسی کا اجراء بھی بڑا بریک تھرو ہے اور یہ سہہ فریقی لیبر پالیسی کا میکنزم کاروباری اداروں اور ان کے ملازمین کے لئے سودمند ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی مزدوروں کے لئے مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جب کہ محنت کشوں کے دیگر مسائل بھی حل کرنے کی ضرورت ہے، ہم آج یہ عہد کریں کہ محنت کشوں کو درپیش مشکلات و چیلنجز کا سامنا عزم و حوصلے سے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ پیپلز پارٹی ملک میں محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد میں علمبردار کا کردار نبھاتی رہے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close