Featuredسندھ

شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر کل بروز بدھ منائی جائے گی

کراچی: شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد خیبر پختونخوا کے علاوہ پاکستان بھر میں بروز بدھ عیدالفطر منائی جائے گی۔ شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں ہوا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں وصول کی گئیں۔

مرکزی اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے کی جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ مقامات پر ہوئے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شہادتوں کی بنیاد پر عیدالفطر کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ شوال کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں عیدالفطر 5 جون بروز بدھ ہوگی۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ فیصل آباد، کشمور، ڈیرہ بگٹی، لاہور، رحیم یار خان، جیکب آباد اور دیگر مقامات پر شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، ملائیشیا، انڈونیشیا، جاپان، بنگلہ دیش، عمان، سوڈان، شام میں بھی کل عید ہے، نارتھ امریکا اور برطانیہ میں بھی عیدالفطر پاکستان کے ساتھ ہوگی۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پشاور میں بعض مقامات، سوات میں وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع میں بھی بدھ کو عید ہوگی، جس جماعت کی وفاق میں حکومت ہے اس کی صوبائی سطح پر انحراف حیران کن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سرکاری طور پر آج عیدالفطر منائی گئی

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کا مرکزی رویت ہلال کمیٹی پر مکمل اعتماد ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی آج بروز منگل شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا تھا جب کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی قمری کلینڈر کی بنیاد پر 5 جون کو عید الفطر منائے جانے کا اعلان کرچکے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ پشاور کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے گزشتہ روز شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا جس کی توثیق صوبائی حکومت نے کی اور عید منانے کا اعلان کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close