Featuredسندھ

چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

کراچی: کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے گرفتار کرنے کے بعد انٹرپول کے ذریعے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے پاکستان منتقل کردیا گیا۔ ملزم کو رواں برس جنوری میں شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ راشد بروہی چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران نگرانی کرتا رہا، ملزم نے حملہ آوروں کو مکمل سہولیات فراہم کیں جبکہ اس کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے۔

راشد بروہی کو 9 لاکھ روپے فراہم کئے گئے تھے۔راشد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کے ڈی آئی جی عبد اللہ شیخ نے کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی قونصلیٹ پر حملے میں پولیس کو اہم کامیابیاں ملی ہیں، آئی جی سندھ

عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا تھا کہ شارجہ میں راء اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

ڈی آئی جی کے مطابق شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کے حوالے کرنا چاہتی تھی تاہم ملزم کے انکشافات کے بعد باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)بنا دی گئی۔

حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا تاہم چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close