Featuredدنیا

شاہ سلمان نے سرزمین کعبہ میں امریکی فوج کی تعیناتی کی اجازت دے دی

ریاض / واشنگٹن: سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے خطے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی فوجی دستوں کی سعودی عرب میں تعیناتی کی اجازت دے دی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی ریاستوں کو درپیش سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے خطے کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے امریکی فوجیوں کی آمد اور تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگ سلمان نے امریکی صدر ٹرمپ کو 1.2ارب ڈالر مالیت کے تحائف دئیے، رائٹرز

سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا طویل عرصے سے قائم مستحکم تعلقات کو خطے میں جنگ کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے استعمال کریں گے۔

امریکی افواج سعودی عرب میں پہلے بھی کئی بار تعینات رہی ہیں اور 2003ء میں عراق جنگ ختم ہونے پر سعودی عرب سے روانہ ہوگئی تھیں۔ اس کے بعد سعودی عرب میں امریکی افواج کی تعیناتی کا اب یہ پہلا موقع ہوگا۔

امریکی فوجی دستے، جنگی ساز و سامان اور وسائل سعودی عرب بھیجے جائیں گے

دوسری جانب امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی دستے، جنگی ساز و سامان اور وسائل سعودی عرب بھیجے جائیں گے جو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خطرات اور امن دشمنوں کو مذموم اقدامات سے باز رکھیں گے تاکہ خطے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایک ماہ قبل خلیج عمان میں امریکا کے لیے تیل لے جانے والے سعودی بحری جہازوں اور سعودی آئل پمپنگ اسٹیشن پر حملوں کے بعد امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ایران کے خلاف مشترکہ فوجی تعاون پر اتفاق کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ عالمی جوہری معاہدے سے امریکا کی دستبرداری کے بعد پیدا ہونے والا تناؤ گھمبیر صورت اختیار کر گیا ہے اور مشرق وسطیٰ کے پانیوں پر جنگ کا سا سما ہے جہاں ایک جانب امریکی جنگی بیڑہ لڑاکا طیاروں سے لیس کھڑا ہے تو دوسری جانب ایران کے انقلاب پاسداران کی کشتیاں، ہیلی کاپٹر اور ڈرون کی نقل وحرکت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close