Featuredاسلام آباد

متحدہ حزب اختلاف نے بجٹ مسترد کردیا

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کے بجٹ کو مسترد کردیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے 21-2020 کے بجٹ پر کہا ہے کہ متحدہ حزب اختلاف نے اس بجٹ کو مسترد کردیا۔

پریس کانفرنس کے آغاز میں بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشل پارٹی (اے این پی) اور بلوچستان نیشنل پارٹی-مینگل، قومی وطن پارٹی سمیت بعض آزاد امیدواروں نے مل کر بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حالیہ پیش کردہ بجٹ کے حوالے سے جوائنٹ اپوزیشن قرارداد پیش کررہی ہیں۔

ہم اُمید کررہے تھے کہ موجودہ حالات میں وفاقی حکومت کا بجٹ عوام کے طبی مسائل کو حل کرے گا لیکن بجٹ میں عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس مشکل صورتحال میں عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اس کی ایک مثال ہے، بجٹ میں کہتے رہے کہ پیٹرول کی قیمت کم کرکے عوام کو سہولت دیں گے لیکن اب پیٹرول کی قیمت سے زیادہ اس پر ٹیکس وصول کررہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں وبا کا راج ہے، وبا ہزاروں جانیں لے چکی ہے، معیشت جو پہلے تباہ و برباد ہوچکی تھی، اس کی واپسی کے دروازے بھی وبا نے بند کردیے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں توقع کی تھی عوام کو ریلیف دیا جائے لیکن حکومت نے مزید ناقابل برداشت بوجھ ڈال دیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں مہنگائی کا طوفان ناقابل برداشت ہوگا، وزیراعظم عمران خان ایک قومی بوجھ بن گئے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعظم عمران سے جتنی جلد چھٹکارہ حاصل کیا جائے اتنا بہتر ہے تاکہ بچے کچے پاکستان کو محفوظ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، متحدہ اپوزیشن جلد مشترکہ طور پر ایک لائحہ عمل تشکیل دے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی اپنی صفوں میں ہلچل اس بات کی جانب نشاندہی ہے کہ ان کا آخری وقت آگیا ہے، ریاستی اداروں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو اندھیرے میں رکھا، بجٹ محض الفاظ کا گورکھ دھندا ہے، جتنے بھی اعداد وشمار دیے گئے وہ غیر حقیقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بجٹ بدترین ہے، اسلام آباد میں موجود سرکاری ملازمین جو پورے پاکستان کو چلاتے ہیں، ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

اکرم خان درانی نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہے اور اس سے برا وقت آ نہیں سکتا، میں نے اپنی زندگی میں ملک کے اتنے برے حالات نہیں دیکھے۔ مشترکہ کوششیں کرکے اس ظالمانہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close