Featuredدنیا

نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کو دوسری مرتبہ شکست دی

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ایک بار پھر کرونا کو شکست دینے کا اعلان کیا۔

جیسنڈا آرڈرن نے اعلان کیا ہے کہ اُن کے ملک نے کرونا وائرس کو دوسری مرتبہ شکست دے دی ہے۔

وزیرِ اعظم جیسنڈا نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے وائرس کو دوبارہ پھیلنے سے روکنے کی لڑائی میں وبا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ سے پابندیاں اٹھا لی ہیں۔ وزیرِ اعظم جیسنڈا نے شہریوں کو پابندیوں پر عمل درآمد کرنے پر مبارک باد بھی دی۔

وزیرِ اعظم جیسنڈا نے مئی میں وائرس کے خلاف پہلی مرتبہ فتح کا اعلان اُس وقت کیا تھا جب ملک میں 102 روز تک مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔

اگست میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تو 15 لاکھ آبادی والے شہر آکلینڈ میں دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔

گزشتہ 12 روز کے دوران آکلینڈ میں کرونا وائرس کے مقامی سطح پر پھیلاؤ کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا جس کے بعد حکومت نے پیر کو آکلینڈ سے پابندیاں بھی اٹھا لی ہیں۔

وزیرِ اعظم جیسنڈا نے کہا ہے کہ “اس بار پابندیاں زیادہ لمبی محسوس ہوئیں اور یوں لگا کہ پہلے سے مشکل سال میں وقت سست رفتاری سے گزر رہا ہے۔”

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 50 لاکھ آبادی والے ملک نیوزی لینڈ میں کرونا کے باعث اب تک 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب بھی 40 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈن کا کہنا ہے کہ بدھ سے آکلینڈ میں پابندیوں کا لیول کم ترین کر دیا جائے گا تاہم عالمی وبا کے خلاف یہ حتمی فتح نہیں ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close