Featuredکھیل و ثقافت

پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے شکست

راولپنڈی: پاکستان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کی ٹیم کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

روالپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے عابد علی اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا، عابد علی 21 رنز بنا کر 47 کے مجموعی اسکور پر کارل ممبا کا شکار بنے، کپتان بابر اعظم صرف 19 رنز بنا سکے انہیں موزربانی نے واپس پویلین بھیجا۔

امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر وہ جلد بازی میں رن آؤٹ ہوئے، پاکستان کی چوتھی وکٹ اُس وقت گری جب وکٹ کیپر محمد رضوان صرف 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف ففٹی اسکور کی، زمبابوے کے خلاف پاکستان کی پانچویں وکٹ 194رنز پر اُس وقت گری جب افتخار احمد 12رنزبناکر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں 205 رنز پر پاکستان کو چھٹے نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

زمبابوے کی جانب سے موزربانی اور چیسورو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث سہیل 71 اور امام الحق 58رنزبناکر نمایاں بلے باز رہے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو برینڈن ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور میچ کو یک طرفہ کرنے کی کوشش کی مگر قومی ٹیم کے باؤلرز نے آخری دس اوورز میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

ٹیلر کے آؤٹ ہونے کے بعد زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہیں کرسکتا، اس دوران شاہین شاہ آفریدی نے بھی ان سؤنگ اور آؤٹ سؤنگ کر کے زمبابوے کے کھلاڑیوں کو خوب پریشان کیا، مہمان ٹیم صرف 255 رنز ہی بناسکی۔

زمبابوے کی جانب سے کریک اروائن 41، برینڈن ٹیلر 112 اور ویسلی مادھیویرے نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

شاہین آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں صرف 49 رنز دیے اور 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، علاوہ ازیں وہاب ریاض نے چار اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفرکی برتری حاصل ہوگئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close