Featuredدنیا

بھارتی تاریخ کی کم عمر میئر

بھارت کی ریاست کیرالا کے شہر تھیرو واننتھاپورم میں21 سالہ طالبہ آریا راجندرن کم عمر میئر بن گئیں۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آریا راجندرن نے ریاست میں منعقدہ حالیہ شہری انتخابات میں حصہ لیا تھا اور کامیابی کے بعد اب باقاعدہ طور پر شہر کے میئر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے۔

سی پی آئی کے رہنما اور پوٹم سے منتخب کونسلر پی کے راجو شہر کے ڈپٹی میئر ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق 21 سالہ آریا راجندرن مودوانموگال سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ بھارت کی کم عمر میئر بن گئی ہیں۔

انہوں نے میئر کے انتخاب کے لیے 3 آزاد ارکان سمیت 54 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار نے 35 اور آئی این سی کے امیدوار نے 9 ووٹ حاصل کیے۔

آریا راجندر نے میئر منتخب ہونے کے بعد انٹرویو میں کہا کہ وہ پارٹی کی ذمہ دار کارکن ہیں اور کسی امتیاز کے بغیر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے سلسلے میں کبھی بھی عمر کو رکاوٹ تصور نہیں کیا، میں اپوزیشن سے کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں جانتی ہوں کہ میرے پیچھے پارٹی کھڑی ہے جہاں کونسل میں کئی تجربہ کار شخصیات موجود ہیں جو میری رہنمائی کر سکتی ہیں’۔

بھارت کی تاریخ کی کم عمر میئر اس وقت آل سینٹس کالج میں بی ایس سی میتھس کی سال دوم کی طالبہ ہیں اور کونسل کے انتخابات میں اپنے وارڈ میں 2 ہزار 872 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی اور انہیں کانگریس کے حریف امیدوار پر 549 ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔

آریا راجندرن اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کی کارکن ہیں اور بلاسنگم میں بچوں کی ونگ کی ریاستی صدر بھی ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ میں شامل سی پی آئی نے 51 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کی سربراہی میں این ڈی اے کو 35 نشستیں ملیں، جس کے بعد کانگریس کے صرف 10 امیدوار کامیاب ہوکر کونسل میں آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں سی پی آئی کے سابق میئر کے سری کمار کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close