Featuredسندھ

این اے 249 کراچی میں ضمنی انتخاب، ووٹرز کا رش، پولنگ جاری

کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو گیا ہے، پولنگ جاری ہے۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 میں ضمنی انتخاب کا میدان سج گیا ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش ہے اور پولنگ پر امن ماحول میں جاری ہے جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہےگی۔

 

تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیوایم اور پی ایس پی کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے، الیکشن کے باعث حلقے میں عام تعطیل ہے، ووٹرز شام پانچ بجےتک بلا تعطل ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

 

پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں، این اے 249 میں مجموعی طور پر 30 امیدواروں میں مقابلہ ہے، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار سے زائد ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق حلقے میں 276 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

 

انتخابی حلقے میں 2 ہزار سے زائد پولیس، ایک ہزار کے قریب رینجرز اہل کار سیکیورٹی پر مامور ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ پولنگ کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کی ہیں۔

 

ندیم حیدر نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران کو ماسک اور سینیٹائزر فراہم کر دیے گئے ہیں، ہر پولنگ اسٹیشن پر اضافی ماسک بھی دیے جائیں گے، کوئی ووٹر بغیر ماسک آئے تو اسے ماسک دیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے کے باعث خالی ہوئی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close