Featuredسندھ

کراچی میں طوفانی ہوا کے ساتھ بارش

کراچی : شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی ہے

شہر بھر میں صبح سے بادلوں کا راج تھا، اس وقت تیز ہوائیں چل رہی ہیں جن کی وجہ سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔

سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، گلشنِ اقبال، ملیر، ڈیفنس، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے ہیں، تاہم ابھی بھی اس طرح کی بارش نہیں ہوئی جس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ آج شام 5 بجے تک ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے، کل صبح 5 بجے تک یہ سسٹم سائیکلون میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

اس سائیکلون کے تحت 70 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، پورے شہر میں موسلادھار اور طوفانی بارش کا امکان ہے، شہر میں 100 سے 160 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

شہر میں ڈپریشن کے زیرِ اثر تیز ہوائیں چلنے کے سبب فرئیرہال کے قریب بجلی کا کھمبا گاڑی پر گر گیا۔

بجلی کا کھمبا گرنے سے اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

بجلی کا کھمبا گرنے کے فوری بعد پولیس اور کے الیکٹرک کا عملہ واقعے کی جگہ پر پہنچ گیا اور صورتِ حال پر کنٹرول کیا۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے بتایا تھا کہ ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود ہے، کراچی سے یہ ڈیپریشن اس وقت 340 کلو میٹر دور مشرق اور جنوب مشرق میں ہے، یہ ڈیپریشن شدت اختیار کر کے سمندری طوفان بن سکتا ہے، بننے والے طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب رہے گا۔

محکمۂ موسمیات نے شاہین نامی طوفان کے باعث کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں آج دوپہر یا شام سے 2 اکتوبر تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close