Featuredانٹرٹینمنٹ

کامیڈین کنگ عمر شریف انتقال کر گئے

لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

عمر شریف کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹروں نےعمر شریف کو علاج کیلئے امریکا کے اسپتال میں داخل کرانےکا کہا تھا، عمر شریف کو منگل 28 ستمبر کو ایئرایمبولنس میں روانہ کیا گیا تھا۔

ایئر ایمبولنس کا پہلا اسٹاپ جرمنی تھا، جہاں لینڈنگ کے بعد طیارے میں سوار عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکے بخار کا کہہ کر نیورمبرگ کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، عمر شریف کا اسپتال میں ڈائیلاسز بھی ہوا تھا۔

کامیڈی کنگ کا اصل نام محمد عمر تھا لیکن انہوں نے 1974 میں اسٹیج ڈراموں میں کام کا آغاز کرنے کے بعد ڈرامے میں استعمال ہونے والا نام ’عمر ظریف‘ رکھا، بعد ازاں وہ عمر ظریف سے عمر شریف ہوگیا۔

عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف نے ٹی وی پر بھی بےشمار شوز کیے اور ایسے ہی ایک شو ’عمر شریف ورسز عمر شریف‘ میں وہ 400 سے زیادہ بہروپوں میں نظر آئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

عمر شریف نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ لافٹر پروگرامز میں بطور جج بھی فرائض سرانجام دیے۔

اس شوز میں میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ سرفہرست ہے، جہاں انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو کے ہمراہ جج کے فرائض سرانجام دیے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر کی دنیا میإ ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

’بکرا قسطوں پے‘ اور ’بڈھا گھر پے ہے‘ جیسے لازوال اسٹیج ڈراموں کو ان کے مداح آج بھی دیکھتے اور لطف اٹھاتے ہیں۔

عمر شریف کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نگار ایوارڈ اور تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close