اسلام آبادپاکستانپنجاب

حکومتی اجازت تک پاکستان سے سیریز نہیں ہوسکتی :بھارتی بورڈ

لاہور (27 مارچ 2021ء ) پاکستان سے سیریز کے معاملے پر بھارتی بورڈ نے ایک بار پھر گیند اپنی حکومت کے کورٹ میں ڈال دی۔ پاکستان اور بھارت کی سیاسی کشیدگی میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران کمی آنے کے بعد گزشتہ دنوں یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ پڑوسی ملکوں میں باہمی مقابلوں کیلئے راہ ہموار ہونے لگی ہے اور رواں سال ٹی ٹونٹی سیریز ہونے کا امکان ہے، پی سی بی کو ممکنہ میچز کیلئے تیار رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے روایتی حریفوں کے مابین سیریز کے تاثر کو مسترد کر دیا تھا، بھارتی میڈیا میں بھی مسلسل ایسی رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ فی الحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ گزشتہ روز بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے واشگاف الفاظ میں بتایا کہ پاکستان سے باہمی سیریز کے حوالے سے فی الحال کوئی بات چیت نہیں ہوئی، دونوں بورڈز میں اس حوالے سے حالیہ کچھ عرصے کے دوران کوئی رابطہ یا تبادلہ خیال نہیں ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ 10سال میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایک ہی موقف رہا ہے کہ جب تک ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی پاکستان کے ساتھ کوئی باہمی سیریز نہیں ہوسکتی۔ یاد رہے کہ رواں سال ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی سمیت بھارتی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے جسے دیکھتے ہوئے روایتی حریفوں کے درمیان کسی بھی باہمی سیریز کا امکان نظر نہیں آتا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ایونٹس میں تو آمنے سامنے ہوتی ہیں مگر باہمی سیریز کے معاملے پر جمود طاری ہے، دونوں ٹیموں کے مابین آخری میچ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ 2019ء میں ہوا تھا، باہمی سیریز میں آخری مرتبہ روایتی حریف 13-2012ء میں مدمقابل ہوئے تھے جب پاکستان ٹیم محدود اوورزکے میچز کھیلنے کیلیے بھارت گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close