بلوچستان

بلوچستان، کوہلو میں سرچ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 8 ارکان گرفتار

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگیا، جبکہ کوہلو میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے آٹھ ارکان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بلنگور میں سورک کے مقام پر ایف سی کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں ایک سپاہی خالد، پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ایف سی نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال تربت منتقل کیا گیا۔

ادھر ضلع کوہلو کے علاقے سوری کور میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے آٹھ کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔ جن کے قبضے سے تین کلاشنکوف، پانچ بندوقیں، اٹھارہ میگزین اور ہزاروں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار ملزمان گذشتہ روز مچھ میں ریلوے پٹڑی پر بم نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close