بلوچستان

دہشتگرد اور شرپسند عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، ان کیخلاف بھرپور کارروائی کیجائے، نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ: وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کی جان و مان کے تحفظ کو یقینی بنانے، سماج دشمن اور شرپسند عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو اس حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، سینیٹر آغا شاہ زیب درانی، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر اکبر حریفال، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی قمر مسعود، ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن، کمشنر کوئٹہ، ڈی جی آئی کوئٹہ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کو گذشتہ روز کچلاک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے کئی ایک اہم فیصلے بھی کئے گئے اور متعلقہ اداروں کو ان فیصلوں پر فوری طور پر عملی جامعہ پہنانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، دہشت گرد اور شرپسند عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، جنہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی جانی چاہیے۔ لہٰذا تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ امن کے قیام کیلئے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔ جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ وزیراعلٰی نے یقین دلایا کہ حکومت پولیس اور لیویز کو تربیت اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی اور اُن پر کسی قسم کا دباؤ نہیں آنے دیا جائیگا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورۂ سوئی اور کچھی کینال کے منصوبے کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دی گئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close