بلوچستان

جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں حاصل کرنیوالوں کیخلاف خاموش نہیں بیٹھوں گا، سینیٹر میر کبیر محمد شہی

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے منتقلی اختیارات کے چیئرمین سینیٹر میر کبیر محمد شہی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کوٹے پر وفاقی محکموں اور ساٹھ سے زائد کارپوریشنوں میں جعلی ڈومیسائل پر جعل سازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے نوکریاں حاصل کرنے والوں کے خلاف مکمل تحقیقات کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ ایوان بالا میں بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتی ہونیوالے دوسرے صوبوں کے لوگوں کے جعلی ڈومیسائل کی دوبارہ تصدیق کا عمل شروع کرنے کے متعلق میری قرارداد پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز کی حمایت سے سینیٹ سے منظور ہوگئی ہے، جسکے بعد جعلی ڈومیسائل پر بھرتی ہونیوالے افراد کے ڈومیسائل کی ری چیکنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے تمام ڈپٹی کمشنرز سے مطالبہ کیا کہ وہ پوری ایمانداری، نیک نیتی اور اخلاص سے کسی دباؤ میں آئے اور سفارش کے بغیر بلوچستان سے جاری ہونیوالے جعلی ڈومیسائل کی سینیٹ سیکرٹریٹ کی ہدایت پر دوبارہ تصدیق کا عمل جلد سے جلد باریک بینی سے مکمل کریں، تاکہ ہمارے کوٹے پر جعل ساز نوکریاں حاصل کرنے والے دوسرے صوبے کے لوگوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔

سینیٹ کے موجودہ جاری سیشن میں، میں نے سوال جمع کرایا ہے کہ وفاقی حکومت بتائے کہ اب تک کتنے محکموں اور خود مختار کارپوریشنوں میں بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل پر تعینات لوگوں کے ڈؤمیسائل دوبارہ ری چیک کئے گئے ہیں۔ ملازمتوں اور سکالرشپ سمیت غیر ملکی یونیورسٹیوں میں بلوچستان کے کوٹے پر داخلوں میں بڑی تعداد میں جعلی ڈومیسائل کے حامل افراد دوسرے صوبوں کے لوگوں کو جعل سازی اور فراڈ کے ذریعے نوازا گیا ہے۔ جس پر خاموش نہیں رہ سکتا ہوں۔ بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے تعینات ایک بھی غیر بلوچستانی شخص کی موجودگی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، کیونکہ صوبے کے ہزاروں تعلیمی یافتہ نوجوان بیروزگار ہیں۔ ان کی آواز سینیٹ کے فلور پر اٹھانا میری ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے۔ جسے احسن طریقے سے نبھانے میں بھرپور کردار ادا کرتا رہوں گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close