بلوچستان

گورنر بلوچستان پرحملے کی کوشش ناکام، 2 خودکش بمبار گرفتار

کوئٹہ: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفرازبگٹی نے ڈی آئی جی کوئٹہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ قلعہ عبداللہ میں سیکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی، جب کہ 2 دہشتگردوں حامد بشیر اور منور کو ان کے سہولت کاروں سمیت گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو نشانہ بنایا تھا اور وہ وزیرداخلہ بلوچستان پر بھی اسی طرز کا حملہ کرنا چاہتے تھے۔ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کیا گیا، جس میں خودکش جیکٹس بھی شامل ہیں، دہشت گرد اہم شخصیت کو نشانہ بناکر بلوچستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتے تھے، صوبائی انتظامیہ نے اہم شخصیات سمیت تمام اعلیٰ حکام کی فول پروف سیکیورٹی کا انتظام کیا ہے۔
واضح رہے کہ 16 اگست 2015 کو اٹک میں خود کش حملے کے نتیجے میں وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور ڈی ایس پی شوکت شاہ سمیت 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ شجاع خانزادہ پر حملے کی ذمہ داری کالعدم جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close