بلوچستان

گورنر بلوچستان پر حملے کا منصوبہ؛ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا ہے جبکہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور خودکش جیکٹس برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ڈی آئی جی کوئٹہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنایا اور حملہ کرنے والے دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے حملہ کرنے والوں کو بھی ہم پکڑیں گے جبکہ چرچ پر حملے میں ہلاک دہشت گردوں کی تصدیق نادرا سے کرائی، جس کے نتائج منفی آئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا تعلق پاکستان سے نہیں تھا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں اور عوام کی سیکیورٹی کے لیے خاص اقدامات کیے جارہے ہیں، خاص طور پر ڈی پی او اور اس سے اوپر درجے کے تمام افسران کو بلٹ پروف گاڑی دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا کہ اس حوالے سے 39 چرچز کے منتظمین سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری تک گرجا گھروں میں صرف چار دن تک تقریبات ہوں گی، جس کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں اور کم سے کم چار جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close