بلوچستان

کوئٹہ: وین پر فائرنگ سے 4 افراد زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب نخیل آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالرزاق چیمہ کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانے والے وین میں 12 افراد سوار تھے کہ ان پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے فوری بعد ریسکیو کا عملہ اور سیکیورٹی حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کی شناخت حبیب اللہ کے نام سے ہوئی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے ہسپتال ذرائع کے حوالے سے ڈان نیوز کو بتایا کہ فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے حبیب اللہ کے سر میں گولی لگی ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 15 سال میں صوبے بھر میں ہزارہ کمیونٹی پر حملوں کے 1400 واقعات سامنے آئے۔ یاد رہے کہ بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ہزارہ کمیونٹی کو ان کے نمایاں جسمانی خدو خال کے باعث با آسانی شناخت کی وجہ سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close