بلوچستان

ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی گورنر بلوچستان نامزد

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کر دیا۔ تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی چاروں صوبوں کے گورنرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سے پنجاب کے لیے چوہدری محمد سرور، خیبر پختونخوا میں شاہ فرمان اور سندھ کے لیے عمران اسماعیل کو گورنر نامزد کیا تھا۔

تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس عہدے کے لیے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی کو نامزد کیا ہے۔

موجودہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ہیں جو کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بڑے بھائی ہیں اور وہ 11 جون 2013 سے بلوچستان کے گورنر ہیں۔

بلوچستان کے نامزد گورنر ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی میڈیکل کے شعبے میں بطور چائلڈ اسپیشلسٹ 32 سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) کوئٹہ میں ڈھائی سال بحیثیت رجسٹرار فرائض انجام دیے ہیں۔

ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف جلد ریفرنس دائر کئے جانے کا امکان

دوسری جانب ترجمان قومی احتساب بیور (نیب) کے مطابق نامزد گورنر بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہے اور جلد ریفرنس دائر کئے جانے کا امکان ہے۔

ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ  ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف 2015 میں انکوائری کی منظوری دی گئی تھی جب کہ انکوائری کی منظوری اس وقت کے چیئرمین نیب قمر زمان کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ نے دی تھی۔

ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کوئٹہ کڈنی سینٹر میں چیف ایگزیکٹو تعینات تھے اور ان پر کڈنی سینٹر کے لیے طبی آلات اور سامان کی خریداری کے فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close