بلوچستان

مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملہ، 17 افراد جاں بحق

بلوچستان: مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں انکے ڈرائیور سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر 34 افراد زخمی ہیں جنہیں مستونگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جائے حادثہ سے انسانی اعضاء بھی ملے ہیں۔ خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں۔  جیو نیوز کے مطابق مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق  جبکہ جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 35 افراد زخمی ہیں جنہیں مستونگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ ہے۔ شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قریبی ساتھی اور نجی ٹی وی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ اس وقت کیا گیا جب جے یو آئی کا قافلہ مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں علاقے سے گزر رہا تھا جس سے ان کی گاڑی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ قافلے میں موجود دیگر گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ خودکش حملے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم حملے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مولانا غفور حیدری ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے اور جیسے ہی خطاب ختم کرکے روانہ ہوئے تو دھماکا ہوگیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close