گلگت بلتستان

گلگت بلتستان اسمبلی میں بھارتی مداخلت کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طورپرمنظور

گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی میں بھارت کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی۔

 گلگت بلتستان کے ایوان میں بھارت کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کے خلاف ڈپٹی اسپیکر جعفراللہ خان کی جانب سے قرارداد مذمت پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظورکرلی گئی۔ قراداد کے متن کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا بیان جھوٹ کا پلندہ، پاگل پن اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے عالمی دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں اور انہیں تمام آئینی حقوق حاصل ہیں اور کوئی بھی شہری بھارت سے کسی بھی قسم کی مدد نہیں مانگتا۔ یہاں کےعوام کل بھی پاکستانی تھے اور آج بھی پاکستانی ہیں۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ بھارتی وزیراعظم ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے جب کہ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لئے اپنی جان دینے کے لئے بھی تیار ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان  کے علاقے گھڑی باغ میں ڈپٹی اسپیکرجعفراللہ کی قیادت میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، مظاہرے میں شہریوں اور اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی اور نریندرامودی کے بیانات کو جھوٹ کا پلندا قرار دیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذرآتش کیا جب کہ مظاہرین نے پاکستان زندہ باد اورمودی مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close