اسلام آباد

وزیراعظم کی ایما پرجے آئی ٹی اورعدلیہ کو بلیک میل کیا جارہا ہے، تحریک انصاف

اسلام آباد: تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ایما پر عدلیہ اور جے آئی ٹی کو بلیک میل کیا جارہا ہے جب کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک میڈیا گروپ کی معاونت سے عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکا نے ایک میڈیا گروپ کو ساتھ ملاکر حکومت کی سپریم کورٹ پر زبانی یلغار کا مفصل جائزہ لیا جب کہ جےآئی ٹی کی جانب سے  پاناما لیکس کی تحقیقات اور حکمران جماعت کی مزاحمت پر بھی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں حکمران جماعت اور شریف خاندان کی جانب سے ملک میں انتشار کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ پاناما لیکس پر نوازشریف اور ان کا خاندان جوابی الزام تراشی کی بجائے اپنی صفائی میں کچھ بھی پیش کرنے میں ناکام رہا ہے  جب کہ سپریم کورٹ کے ججز کے ریمارکس کے بعد کوئی شبہ نہیں کہ وزیر اعظم کی ایما پر عدلیہ اور جے آئی ٹی کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔

اجلاس کے شرکا نے خود کو بچانے کے لیے نظام زمین بوس کرنے کا مسلم لیگ (ن) کا منصوبہ ناکام بنانے کے عزم اور قومی اسمبلی کے اسپیکر کی سیاسی تقاریر پر شدید ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق نے شریف خاندان کی چاکری میں  پارلیمان اور اسپیکر کے منصب کو داغدار کرنے کی کوشش کی ہے جب کہ نوازشریف نے ایاز صادق جیسے وظیفہ خور ہر ادارے پر مسلط کررکھے ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ حکمران جماعت کو اپنے ناپاک مقاصد کے حصول میں مخصوص میڈیا گروپ اور اس سے وابستہ دانشوروں  کی معاونت حاصل ہے اور بلاشبہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close