اسلام آباد

القدس کی آزادی کیلئے سب مسلمانوں کو متحد ہونا پڑے گا، مقررین کا القدس سیمینار سے خطاب

اسلام آباد: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام "یوم آزادی پاکستان و یوم القدس قومی سیمینار” ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیرصدارت مقامی ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے اہداف و مقاصد جب تک حاصل نہ کرلیئے جائیں اس وقت تک وطن عزیز داخلی طور پر مستحکم اور مضبوط نہیں ہو سکتا۔ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر بھی پاکستان اس وقت کردار ادا کرسکتا ہے جب پاکستان داخلی طور پر قوی ہوگا۔ ہمیں اتحاد کے فروغ کا عہد کرنا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس کی ریلیاں اتحاد و وحدت کا مظہر ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ لائق تحسین ہیں ملی یکجہتی کونسل کے قائدین جنھوں نے آج کے سیمینار کا اہتمام کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل اور جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارا واضح موقف ہےکہ جب تک مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل نہیں ہو جاتے تب تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر حافظ سعید کی نظر بندی کو ختم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے عالم اسلام نے سنجیدگی کا مظاہر نہیں کیا گیا، ایران و عراق، کویت، یمن اور شام میں تصادم پیدا کیا گیا، پاکستان بھی تمام استعماری قوتوں کا ہدف ہے۔ عرب و عجم اور شیعہ و سنی کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔ اسرائیل کی سرپرستی اور اسے تحفظ دینے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ایران، ترکی، سعودی عرب اور پاکستان اگر ایک صفحے پر آجائیں تو استعمار کو شکست دی جا سکتی ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو عالم اسلام مزید مسائل کا شکار ہو جائے گا۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور سی پیک کا منصوبہ پاکستان کے مستقبل کا اہم منصوبہ ہے اسے پایہ تکمیل تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رہا ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ یہود و نصاریٰ کے پاس جاؤ گے تو ان جیسے ہوجاؤ گے، امام خمینی نے خطے میں ان چار ستونوں میں سے ایک ستون کو گرا دیا جو استعماری مقاصد کے آلہ کار تھے، انہوں نے تہران میں اسرائیل کا سفارت خانہ ختم کرکے اسکی عمارت فلسطین کے حوالے کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آخری جمعے کو قدس کی آزادی کےلیے باہر نکلیں، عالم اسلام کا یہ حال ہے کہ مختلف عرب ملکوں کی جنگیں اسرائیل کے ساتھ ہوئی ہیں، کسی نے آج تک اسرائیل کو نشانہ نہیں بنایا۔ حماس اور فلسطین کے عوام کے سوا کسی نے اسرائیل پر حملہ نہیں کیا، جو امریکیوں کے ساتھ اٹھیں بیٹھیں گے اور رقص کریں گے وہ کبھی فلسطین کو آزاد نہیں کروا سکتے۔ آج امریکہ شکست کھا رہا ہے۔ 41ممالک کا اتحاد امریکہ و اسرائیل کو بچا رہا ہے، ہم کسی ایسے الائنس کا حصہ نہیں بنیں گے جو امریکی مقاصد کو پورا کرے۔ ملی یکجہتی کونسل مبارک باد کی مستحق ہے، جس کے تحت قبلہ اول کی آزادی کے لیے پاکستان کے تمام مسلمان اکٹھے ہیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (سینئر) کے امیر پیر عبدالرحیم نقشبندی نے کہا کہ رہونگیا میں بھی مسلمان ظلم کا شکار ہیں، آج ہم اکٹھے ہو کر سر پر کفن باندھ کر نکلیں تو فلسطین اور کشمیر آزاد ہوسکتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کامیابی ہمیں نصیب ہوگی، ہم اپنے مشن کو جاری رکھیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنایا گیا تھا اور پاکستان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ امت کو جوڑنے کا کام کرے۔ پوری دنیا میں قبلہ اول کی آزادی کے حوالے سے سیمینار، کانفرنسیں منعقد ہو رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے یوم القدس کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا اور کل بروز جمعہ اتحاد امت کا عظیم الشان مظاہرہ یوم القدس کی ریلی کی صورت میں کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر اور امت واحدہ کے چیئرمین علامہ امین شہید ی نے کہا کہ اللہ نے ہمیں توفیق دی ہے کہ آج ہم سب مکاتب فکر کے علماء و افراد ، مسلمان کی حیثیت سے امت مسلمہ کے لیے جمع ہیں، یہی ہماری کامیابی ہے۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے کہا کہ ہم نے آپس میں لڑنا ہے یا آپس میں بھائی چارہ رکھنا ہے۔ مسلمان ممالک میں ہر طرف لاشیں ہی لاشیں ہیں، ایسے میں علی المرتضی اور عمر فاروق جیسی قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے کہا کہ پاکستان جن مقاصد کے لیے بنایا گیا تھا کیا وہ حاصل ہوئے ہیں۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اسرائیل کے مقابلے میں جو اتحاد ہے ان قوتوں کو کمزور کیا جا رہا ہے، لبنان و حماس ایک مضبوط محاذ تھا جن کے درمیان اختلافات پیدا کیے جا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ یوم آزادی پاکستان و یوم القدس قومی سیمینار سے کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین پیر معین الدین محبوب کوریجہ، جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما آصف لقمان قاضی، علامہ مقصود احمد سلفی چیف آرگنائزر متحدہ جمیعت اہلحدیث، عبدالرشید ترابی امیر جماعت اسلامی (آزاد کشمیر)، پیر غلام رسول اویسی سربراہ تحریک اویسیہ، عوامی تحریک کے راہنما قاضی محمد شفیق، تحریک جوانان پاکستان کے صدر عبداللہ گل، جمعیت اتحاد العلماء کے سینئر نائب صدر علامہ عبدالجلیل نقشبندی، راولپنڈی اسلام آباد کے یونین آف جنرنلسٹ کے جنرل سیکرٹری علی رضا علوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عباس علی، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے حسن عباس نے بھی خطاب کیا۔

ملی یکجہتی نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے تمام مسلم ریاستوں کو باہمی مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ علامہ سید ساجد نقوی کہتے ہیں کشمیر شہ رگ حیات پاکستان، یوم القدس قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، لیاقت بلوچ کہتے ہیں مسئلہ کشمیر و فلسطین کے لئے عالم اسلام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان و یوم القدس سیمینار کا انعقاد علامہ ساجد نقوی کی زیرصدارت کیاگیا۔ سیمینار سے خطاب اور متفقہ اعلامیہ پڑھتے ہوئے علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ یوم القدس قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ قبلہ اول کی آزادی کےلئے تمام مسلم ریاستیں اقدامات اٹھائیں مسلم ممالک باہمی مسائل گفت و شنید سے حل کریں، پاکستان کی نظریاتی اساس کے تحفظ و مقاصد کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔ بانیان پاکستان کی وضع کردہ خارجہ پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات، کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم القدس کے حوالہ سے کل مشترکہ القدس ریلی نکالی جائی گی۔ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے لئے عالم اسلام کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ شیعہ سنی کیساتھ عرب عجم کی تقسیم ہو جائے۔ سعودی عرب، ایران و تمام اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر مسلم امہ کےلئے کام کرنا ہو گا۔ سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجا ناصر عباس، جمیعت اہل حدیث کے مقصود سلفی، لقمان قاضی، علامہ عارف واحدی، ثاقب اکبر، پیر چراغ الدین شاہ، سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close