اسلام آباد

کالعدم جماعتوں کیخلاف کارروائی کیے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا، علامہ ناصر عباس

اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فیروز پور روڈ لاہور میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک کالعدم جماعتوں کے سرغنوں اور سہولت کاروں پر آہنی ہاتھ نہیں ڈالا جاتا تب تک ملک میں امن کے قیام کے دعوے سوائے طفل تسلی کے اور کچھ نہیں۔ ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے ہر سانحے کے بعد لشکر جھنگوی، جماعت الاحرار اور داعش سمیت مختلف جماعتوں کی طرف سے ذمہ داری قبول کی جاتی ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوتی۔ حکومت جب تک کالعدم جماعتوں کے ساتھ مصلحت پسندانہ انداز روا رکھا جائے گا تب تک اس ملک کے باسیوں کو سکون میسر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بدامنی کا شکار کر کے عدم استحکام کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کے عفریت نے ملک کو اقتصادی اعتبار سے مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار نااہل حکمران ہیں جو عوام کو تحفظ دینے کی بجائے اپنی کرپشن کے دفاع میں ساری قوتیں صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے اس دلخراش سانحہ نے پورے پاکستان کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ پنجاب میں کالعدم جماعتوں کے خلاف بلاتاخیر آپریشن کیا جائے اور ان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جو دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ نظریاتی وابستگی رکھتے ہیں اور وطن عزیز میں ان کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close