اسلام آباد

نیب کا شریف خاندان اوراسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاناماکیس پر سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت ہوا جس میں پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد نیب کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 4 ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اگلے 6 ہفتوں میں دائرکیے جائیں گے، تمام ریفرنسز راولپنڈی اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں دائر کیے جائیں گے جب کہ ریفرنسز پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ اوراکٹھے کیے گئے مواد کی روشنی میں دائر ہوں گے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیراگراف 9 میں درج کمپنیوں سے متعلق ریفرنسز دائر ہوں گے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق ایوان فیلڈ پراپرٹیز، پارک لین لندن ، عزیزیہ اسٹیل مل، ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ کے قیام پر ریفرنس دائر کیا جائے گا اور اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کا ریفرنس دائر ہوگا جب کہ تمام افسران کو سارے عمل کو مستعد اور پیشہ ورانہ انداز میں دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ریفرنسزمیں نیب، ایف آئی اے کے پاس موجود اثاثوں کے ریکارڈ کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف،ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت ان کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close