اسلام آباد

حکومت ملک کو درپیش سیکیورٹی خطرات سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرے، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کو درپیش سیکیورٹی خطرات سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پہلے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اور پھر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کو سنگین خطرات درپیش ہیں، سابق وزیرداخلہ نے کہا تھا خطرناک ملکی صورتحال کا صرف 5 لوگوں کو علم ہے، پیپلز پارٹی کو اس بات پر تشویش ہے اور ہم اس کی وضاحت چاہتے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ بتایا جائے کہ آخر معاملہ کیا ہے اور اس حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، وعدہ کرتے ہیں کہ اگر ملکی سالمیت کو خطرہ ہے تو پیپلز پارٹی سب سے آگے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو سپریم ادارہ کہا جاتا ہے لیکن ان خطرات پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایوان کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج 70 سال بعد بھی ہم کہہ رہے ہیں کہ ملک کو خطرات لاحق ہیں، جیسے جیسے سال گزرتے ہیں ملک مضبوط ہوتے ہیں لیکن ہم کمزور ہو رہے ہیں، ملک میں غیر یقینی صورت حال ہے، روزگار اور علاج و معالجے کی سہولیات نہیں ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ کل کیا ہونے والا ہے۔
عائشہ گلا لئی کے حوالے سے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عورتوں کی سیاست نہیں کرے گی، آج جو سیاست ہو رہی ہے یہ کیسی سیاست ہے، یہ کون سی اخلاقیات ہیں، عورت مقدس ہے، اس کا احترام کیا جانا چاہیئے، کوئی لاہور میں پریس کانفرنس کروا رہا ہے تو کوئی یہاں، ہم عورت کو آگے رکھ کر سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل ایشوز سے زیادہ نعروں کی سیاست ہو رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close