اسلام آباد

آئی ایس آئی کے اعلیٰ افسر کی میئر اسلام آباد سے ملاقات، سفیروں کو براہ راست ڈیل کرنے سے روک دیا

اسلام آباد : انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) نے اسلام آباد کی کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ براہ راست غیر ملکی سفیروں سے رابطہ نہ کرے بلکہ غیر ملکی سفیروں کا سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے دفاتر کا دورہ دفتر خارجہ کی وساطت سے ہونا چاہیے۔ روزنامہ ڈان کے مطابق آئی ایس آئی کے ایک سینئر افسر نے میئر اسلام آباد اور قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے انصر عزیز سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایرانی سفیر کے سی ڈی اے دفتر کے دورے اور میئر اسلام آباد سے ملاقات کے ایک روز بعد ہوئی ہے۔

میئر اسلام آباد نے آئی ایس آئی کے افسر سے ملاقات کی تصدیق کردی اور کہا کہ ملاقات میں سیکیورٹی معاملات پر گفتگو کی گئی ہے۔ ’آئی ایس آئی کے افسر نے مجھے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی سفیر کو براہ راست ڈیل نہ کیا جائے بلکہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت دفتر خارجہ کی ہدایت پر سفیروں کے معاملات دیکھے جائیں ‘۔ سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ اس لیے کیا تھا تاکہ سیکٹر ایف 6 میں ایرانی سفارتخانے کی پراپرٹی کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔

میئر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ انہیں مسئلے کا پوری طرح تو علم نہیں ہے لیکن ایرانی سفارتخانہ سیکٹر ایف 6 میں اپنی عمارت کو تعمیر نو کرنا چاہتا ہے، انہوں نے پہلے ہی سفارتکاروں کے معاملات دیکھنے کیلئے اپنا فوکل پرسن مقرر کیا ہوا ہے۔سی ڈی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میئر اسلام آباد اور آئی ایس آئی کے اعلیٰ افسر کی ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی اور اس کا ایرانی سفیر کے دورے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ایک اور افسر نے بتایا ہوسکتا ہے کہ آئی ایس آئی کا افسر سی ڈی اے کے دفتر امریکی سفارتخانے کی تعمیر نو کی اجازت دلوانے کیلئے آیا ہو۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close