اسلام آباد

افغانستان میں امریکی جنرل کا بیان جنگ کی دھمکی ہے، کب تک ہم کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ بیک ڈور چینل کھولنے چاہئیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان نے سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کو چین کا دورہ کرایا، کب تک ہم کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، کوئلے کی دلالی میں منہ ہمارا ہی کالا ہوتا ہے، آپ نے ملا منصور کو مار دیا، امریکی پالیسی کا جواب مظاہروں سے دیا جارہا ہے، اسکول کے زمانے سے پتلے جلتے دیکھ رہا ہوں، اس کا فائدہ کیا ہوا، اپوزیشن کا بند کمرہ اجلاس بلائیں۔ شیخ رشید احمد نے ایل این جی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے مہنگی ایل این جی ہم نے خریدی ہے، ہر 700 میٹر کے فاصلے پر ہماری موٹر وے سوالیہ نشان ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ بیک ڈور چینل کھولے۔ میڈیا پر دفتر خارجہ سے متعلق خبریں شرمناک ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد پکڑے گئے مارے گئے، دنیا میں ایسا کوئی واقعہ نہیں جس کے ڈانڈے پاکستان سے نہ ملتے ہوں ، چین کے سوا پاکستان کے ساتھ کوئی نہیں کھڑا، روس کے بارے میں غلط فہمی کا شکار نہ رہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو اندر سے تباہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان کے اسلامی دنیا سے تعلقات اتنے برے کبھی نہیں تھے جتنے آج ہیں، پاکستان کے خلاف مودی، افغانستان اور امریکہ کی سہہ رخی جنگ شروع ہو چکی ہے، ٹرمپ اور مودی کے بیانات میں مشابہت ہے، بھارتی آرمی چیف نے سی پیک کو انڈیا کی خودمختاری کے لیئے خطرہ قرار دے کر بتادیا کہ اصل درد کیا ہے، امریکی جنرل نے بھی افغانستان میں جو بیان دیا وہ جنگ کی دھمکی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close