اسلام آباد

وزیراعظم کا کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فوج، رینجرز، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ ادارے تمام شاہراہوں اور متاثرہ مواصلاتی نظام کی بحالی کے فوری اقدامات کریں اور کراچی شہر کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی مشکلات کے ازالے  کے لیے صوبائی حکومت کی ہرممکن معاونت کے لیے تیار ہیں۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بارش کے بعد کراچی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ فاروق ستار نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ پانی کی نکاسی کے لیے کے پی ٹی، پورٹ قاسم اور اسٹیل مل کی مشینری شہری انتظامیہ کو فراہم کی جائے۔

دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ اس وقت سعودی عرب میں ہیں تاہم وہ حجاز مقدس سے پاکستان میں متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر حجاز مقدس سے صورت حال کو مانیٹر کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ادارے بارش سے عوام کو ہونے والی مشکلات کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔ گورنر سندھ نے سعودی عرب سے کور کمانڈر کراچی کو ٹیلی فون کیا اور صورتحال کی تفصیلات حاصل کیں۔ گورنر سندھ نے نیو سبزی منڈی ، نادرن بائی پاس اور سعدی ٹاون کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایات کیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close