اسلام آباد

نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں سے مشاورت، کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنے وکلا اور قانونی ٹیم سے مشاورت مکمل کرلی جبکہ وہ کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت میں پیشی کے بعد ایک بجے اہم نیوز کانفرنس کریں گے۔ پاکستان ویوز کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کےخلاف قومی احتساب بیورو نے تین ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں اور منگل کی سماعت میں نوازشریف عدالت میں حاضری لگائیں گے جہاں انہیں ریفرنسز کی کاپیاں فراہم کی جائیں گی۔ نوازشریف کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ ضمانتی مچلکے جمع کروائیں اور اس کے بعد آئندہ سماعت پر فردجرم عائد کی جائے گی، نوازشریف کو الزامات پڑھ کر سنائے جائیں گے، اور ان سے الزامات کی صحت بارے پوچھا جائے گا۔

اسی سماعت پر نوازشریف کے وکلا حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں گے، جسے عام طور پر قبول کرلیا جاتا ہے۔ سابق وزیراعظم کو اس کے بعد ہر پیشی پر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سماعت کے دوران پہلے گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے اور پھر ملزم یعنی نوازشریف کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز میں ان کے بچے بھی نامزد ملزم ہیں، ذرائع کے مطابق حسن، حسین اور مریم نواز عدالت میں پیش نہیں ہوں گے اور اگر ایسا ہوا تو پہلے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، اور آخر میں انہیں اشتہاری قرار دے کر معاملہ اس کیس سے الگ کردیا جائے گا۔

نوازشریف کے خلاف کیس چلتا رہے گا تاہم ان کے بچوں کو اشتہاری قرار دئیے جانے کے بعد ان کے اثاثے ضبط، بینک اکاونٹس منجمد اور نام ای سی ایل میں ڈال دئیے جائیں گے، عام عدالتوں میں اشتہاری قرار دینے کا مطلب ہے کہ ملزم جب بھی اور جہاں بھی ملے، اسےگرفتار کرلیا جائے مگر نیب کورٹ کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے جانے پر تین سال قید کی سزا، اور ملزم کے اثاثے ضبط کرلیے جاتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close