اسلام آباد

آصف زرداری اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو بچانے کے لئے خود میدان میں آگئے

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو بچانے کے لئے خود میدان میں آ گئے اور سیاسی جماعتوں سے جوڑ توڑ شروع کردی۔ آصف علی زرداری کی زیر صدارت اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں خورشید شاہ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق چیرمین سینیٹ نیئر بخاری، فرحت اللہ بابر اور چوہدری منظور سمیت اہم پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جس میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی تحریک انصاف کی تحریک کو ناکام بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں آصف علی زرداری نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ کیا ایم کیو ایم حکومت میں ہے یا اپوزیشن میں، جس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ ایم کیو ایم نے کچھ دن پہلے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دیا تھا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کا ایسا ایشو چھیڑا گیا جس کی قطعی ضرورت نہ تھی تاہم پہلے بھی اس قسم کے کئی معاملات کا مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے جب کہ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم پراعتماد ہیں، ہمیں تمام ساتھیوں اور اتحادیوں کا اعتماد حاصل ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ محرم الحرام کے باعث اپنے آبائی شہرسکھرمیں تھے تاہم آصف علی زرداری نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر انہیں فوری طور پر اسلام آباد طلب کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے بہادرآباد میں متحدہ کے عارضی مرکز میں ملاقات کی تھی جس میں قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close