اسلام آباد

الیکشن بل 2017 کل قومی اسمبلی کے اہم اجلاس میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اہم اجلاس کل پیر کو ہوگا جس میں الیکشن بل 2017 پیش کیا جائے گا جس کے نتیجے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے صدر بننے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ پاکستان ویوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اہم اجلاس کل شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا 14 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا ہے جس کے مطابق وزیرقانون زاہد حامد الیکشن بل 2017 ایوان میں پیش کریں گے۔
اس بل کی منظوری کے ساتھ ہی نوازشریف کی بطور پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ یہ بل اس سے قبل سینیٹ سے منظور ہوچکا ہے۔ الیکشن بل 2017 کو ابتدائی طور پر قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا تھا لیکن سینیٹ کی جانب سے کچھ تبدیلیاں کیے جانے کے بعد اب یہ بل دوبارہ قومی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔
کل اسمبلی کے اجلاس میں چند مزید بل بھی پیش کیے جائیں گے جن میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان ترمیمی بل، شام کے اوقات میں عدالتوں کا بل اور معلومات تک رسائی 2017ء کا بل شامل ہیں جب کہ وزیر خزانہ اسحا ق ڈار بھی آڈیٹر جنرل ترمیمی بل 2017 ایوان میں پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل ہونے کے بعد نواز شریف کو پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کی شق (1)5 کے تحت مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے بھی مستعفی ہونا پڑا تھا۔ تاہم اب الیکشن بل 2017 کی منظوری کے ساتھ ہی پولیٹیکل پارٹیز آرڈر ختم ہوجائے گا۔ اپوزیشن نے نواز شریف کا راستہ روکنے کے لیے سینیٹ میں الیکشن بل 2017 میں ترامیم پیش کی تھیں جو ایوان میں اپوزیشن کی اکثریت ہونے کے باوجود حیران کن طور پر مسترد ہوگئی تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close