اسلام آباد

آئی بی کی مبینہ فہرست کا معاملہ، وزیراعظم نے خط کو جعلی قرار دیدیا

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیوں سے رابطوں سے متعلق آئی بی کی فہرست جعلی ہے۔ نہ وزیراعظم ہاوس نے آئی بی سے کوئی فہرست مانگی، نہ ہی ایسی کوئی فہرست تیار کی گئی۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے رابطوں سے متعلق آئی بی کے خط کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی اٹھایا گیا تھا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس خط کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیمرا کو ہدایت کی ہے کہ معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ آئی بی نے بھی جعلی دستاویز پر ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اراکان پارلیمنٹ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی حقائق جاننا عوام کا حق ہے۔ جن ارکان کے نام جعلی فہرست میں آئے ان کو بھی پیمرا سے شکایت درج کرنے کا کہا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ متاثرہ ارکان پارلیمنٹ اس معاملے پر تحریک استحقاق پیش کرنا چاہتے ہیں جس کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جانا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر معاملہ وفاقی کابینہ میں حل کر لیا جاتا تو بات آگے نہ بڑھتی۔ ایک وزیر نے معاملہ ایوان میں اٹھایا ہے اب ایک میڈیا چینل اور اینکر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ دلاو نوٹس پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے چار سال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتں نہیں بڑھائیں۔ اس بار بھی اوگرا کی تجویز کردہ قیمت سے کم بوجھ صارفین پر ڈالا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close