اسلام آباد

عائشہ گلالئی رکن قومی اسمبلی رہیں گی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے خاتون رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے دائر کیا گیا ریفرنس مسترد کردیا ہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے رواں برس یکم اگست کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں پارٹی پالیسی پر عمل نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عائشہ گلالئی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس جمع کرایا تھا، جسے سردار ایاز صادق نے کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے خلاف دائر ریفرنس پر سماعت کی اور دونوں طرف کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد رواں ماہ 17 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن کے پنجاب اور بلوچستان کے ممبر نے عائشہ گلالئی کی رکنیت منسوخ کرنے کی حمایت کی، جبکہ 3 ممبران نے مخالفت کی اور اس طرح 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت سے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی کے خلاف پی ٹی آئی ریفرنس مسترد کردیا۔ رواں برس یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات عائد کئے تھے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں پہلے پیپلز پارٹی کا حصہ تھی جہاں خواتین کی عزت کی جاتی ہے، لیکن تحریک انصاف میں کچھ اور ہی ماحول دیکھا، پی ٹی آئی کے ماحول سے بہت سی خواتین پریشان ہیں جبکہ تحریک انصاف میں عزت دار خواتین کی کوئی جگہ نہیں ہے، جس کے بعد 28 اگست 2017ء کو پی ٹی آئی نے عائشہ گلالئی کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی تھی جبکہ انہیں ڈی سیٹ کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close