اسلام آباد

پاکستان نے بھارت کو امریکی ڈرونز کی فراہمی کی مخالفت کردی

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو امریکی ڈرونز کی فراہمی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت ٹی ٹی پی اور دیگر کالعدم تنظیموں کی مدد کرتا ہے اور دہشت گردوں کا معاون ملک ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ آج کشمیری دنیا بھر میں یوم سیاہ منار ہے ہیں اور گزشتہ 70 برس سے بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، بے گناہ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور خواتین کی عصمت دری کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، آزادی کی جنگ میں پاکستان کشمیریوں کی جدو وجہد کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جب کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا جس پر ریکس ٹلرسن نے پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ کے ساتھ پاکستان میں دہشت گردی کی بھارتی معاونت کے معاملے کو اٹھایا گیا جب کہ ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوبھی اجاگر کیا گیا۔
بھارتی نائب صدر کے دہشت گردی کے معاون ممالک کو اقوام متحدہ سے نکالنے کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی نائب صدر کے بیان سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ بھارتی نائب صدر اپنے ہی ملک کو اقوام متحدہ سے نکلوانا چاہتے ہیں کیوں کہ بھارت دہشت گردوں کا معاون ملک ہے اور ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کرتا ہے۔
امریکا کی جانب سے بھارت کو مسلح ڈرونز فراہم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مسلح ڈرونز کی بھارت کو فراہمی سے طاقت کے توازن میں بگاڑ پیدا ہوگا، عالمی طاقتوں کو بھارت کے معاہدوں اور کسی بھی ٹیکنالوجی کی فراہمی سے قبل بین الاقوامی ذمہ داریوں و معاہدوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close