اسلام آباد

صنفی مساوات اور با اختیار خواتین پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی

اسلام آباد۔ پاکستان جنسی مساوات اور خواتین کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنانے کے اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا صنفی مساوات اور با اختیار خواتین پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔ اقوام متحدہ میں کمشن فار سٹیٹس آف وومن کے 60 ویں اجلاس کے موقع پر پاکستانی مشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس اہم مسئلہ کے حل پر یقین رکھتا ہے تاکہ پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ ، خواتین کو با اختیار بنانے اور صنفی مساوات کے قیام کے ایجنڈے میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی تشدد کوانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سب سے اہم اور شرمناک تصورکیا جاتا ہے اور پاکستان بھی اس پر متفق ہے ۔ تقریب سے خطاب کے دوران بلوچستان اسمبلی کی سپیکر راحیلہ درانی سمیت دیگر مقررین نے بھی عورتوں پر جسمانی تشدد کے خاتمہ کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ راحیلہ درانی نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے کئی قانونی اور انتظامی اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب وومن ڈویلپمنٹ کی سیکرٹری امان ایمان نے صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کئے گئے خواتین کے قانون کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے خواتین پر تشدد کے خاتمہ کیلئے ایک قانون کی منظوری دی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قازقستان کے سفیر مختار تلو بردی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close