اسلام آباد

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، ریڈ زون سے مظاہرین کو باہر نکالنے کیلئے آپریشن کا حتمی فیصلہ، پنجاب پولیس بھی مدد کیلئے طلب

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ریڈزون میں موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے اور آج رات اس فیصلےپر عملدرآمد کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، سینیٹر مشاہد اللہ، عبدالقادر بلوچ، ڈاکٹر آصف کرمانی اور عرفان صدیقی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد کے ریڈ زون کی صورتحال سے متعلق مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے مظاہرین کے ریڈ زون میں داخل ہونے پر عدم اطمینان اور خفگی کا اظہار کیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ریڈ زون میں داخلے سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مظاہرین کے ریڈ زون میں داخلے کی وجوہات سے متعلق آگاہ کیا جبکہ مظاہرین کے ضلعی انتظامیہ کیساتھ ہونے والے معاہدے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں متفقہ طور پر ریڈزو ن کو خالی کرانے کیلئے آج رات آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے وزارت داخلہ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ آپریشن سول آرمڈ فورسز کریں گی اور پنجاب پولیس بھی مدد کیلئے طلب کر لی گئی ہے جبکہ اگر ضرورت پڑی تو رینجرز کو بھی مدد کیلئے طلب کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رات سے پہلے اگر مظاہرین نے خود ریڈزون خالی کرنے کا فیصلہ کر لیا تو انہیں روکا یا گرفتار نہیں کیا جائے گا اور خودبخود جانے والوں کو آزادانہ راستہ دیا جائے گا جس کے بعد رات کے وقت آپریشن کر کے مظاہرین کو ریڈزون سے نکالا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close