اسلام آباد

عمران خان کی انگوٹھی کی کہانی ، جادوٹونے کا توڑ اور ’پنکی پیرنی‘، بڑا دعویٰ سامنے آگیا

پاکپتن، کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق کپتان عمران خان دائیں ہاتھ میں عقیق لگی چاندی کی انگوٹھی پہن کر رکھتے ہیں جس کی اندازہ قیمت 25ہزار روپے سے زائد ہے ، بتایاگیاہے کہ یہ انگوٹھی عمران خان کو پاکپتن کی ’پنکی پیرنی‘ نے پہنائی ہے تاکہ کپتان پر کیے جانیوالے جادوٹونے کا توڑ کیاجاسکے ۔ پیرنی نے دعویٰ کیاکہ بنی گالہ میں عمران خان کے گھرکے کچن میں سخت جادوکیاگیا جس کے توڑکیلئے پیرنی نے کئی روز عمران خان کے ہاں قیام بھی کیا جبکہ پنکی پیرنی کا تعلق پاکپتن کے ایک مشہور سیاسی گھرانے سے ظاہرکیاگیا۔ 
عمران خان کے قریبی ذرائع کے حوالے سے لکھاکہ مبینہ طورپر غلام احمد مانیکا کی بہو’پنکی پیرنی‘ نے آسیبی سائے اور جادوئی اثرات کو دور کرنے کے لیے فارم ہاﺅس میں کئی دن گزارے جبکہ عمران خان کوبھی روزانہ دم کرتی رہیں اور شایدیہی اصل وجہ ہے کہ ان کی شادی زیادہ عرصہ قائم نہیں رہ پاتی جبکہ پنکی نے عمران خان کو مشورہ دیاکہ وہ بے سہارا لڑکیوں کی شادیاں کرائیں جس کے بعد عمران خان نے 22 مارچ کو پشاور میں 45 جوڑوں کی شادیاں کرائی ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس تقریب میں سرکاری خزانے سے کوئی رقم خرچ نہیں کی گئی بلکہ عمران خان نے 20 لاکھ روپے، علیم خان نے 20 لاکھ روپے، جہانگیر خان ترین نے 20 لاکھ روپے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے 10 لاکھ روپے خرچ کئے تھے۔ عمران خان کی طرف سے ہر جوڑے کو ڈیڑھ لاکھ روپے سلامی دی گئی۔
 عمران خان جادو کے اثرات سے نکلنے کیلئے مزید جوڑوں کی شادیاں کروائیں گے جبکہ خود عمران خان مزید 50 جوڑوں کی شادیاں کرانے کا اعلان کرچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان کی اس پیرنی کو کسی رقم کی ضرورت نہیں تاہم اس کاخاندان مستقبل میں پاکپتن کی سیاست میں اپنا مقام برقرار رکھنا چاہتاہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے پنکی پیرنی کا تعارف عون چوہدری نے کرایا تھا جو کپتان سے ریحام خان کے ساتھ شادی کرانے میں بھی پیش پیش تھے۔ واضح رہے کہ عون چوہدری بزنس مین ہیں اور وہ اداکارہ نور کے سابق شوہر بھی ہیں۔ عمران خان کو پہنائے جانے والے عقیق احمر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ قیمتی پتھر زیادہ تر بھارت اور جنوبی امریکہ میں پایا جاتا ہے اور عموماً صاحب حیثیت افراد اسے پہنتے ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد کی ایک روحانی معالج ارم بی بی نے ”امت“ کو بتایا کہ عران خان کو جو پتھر پہنایا گیا ہے، اس کا مقصد سیاست میں کامیابی حاصل کرنا ہے، کیونکہ یہ پتھر پہننے والا حکمرانی کرتا ہے اور اس کا مرتبہ بلند ہوتا چلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیق احمر پہنانے کا مقصد جادو ٹونے کے اثرات سے بچانا نہیں بلکہ عمران خان کے اندر توانائی پیدا کرنا ہے ۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان اور سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو یہ انگوٹھی ان کے دوست نے تحفے میں دی ، عمران خان کی کوئی پیرنی نہیں ہے، اس انگوٹھی پر کچھ لکھا بھی ہوا ہے۔ نعیم الحق نے ان بزرگ اور انگوٹھی دینے والے دوست کا نام بتانے سے گریز کیا تاہم نعیم الحق نے یہ اعتراف کیا کہ عمران خان نے جو انگوٹھی پہنی ہے، اس کا تعلق روحانی علاج سے ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close