اسلام آباد

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دسمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی رواں برس دسمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے ابھی تفتیش جاری ہے اور کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں، بھارتی جاسوس سے انکوائری کے نتیجے میں کچھ اور چیزیں بھی سامنے آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ برادر ملک ہے اور تہران نے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنے شہریوں کو 4 ممالک کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری عراق، شام، لیبیا اور یمن  کے سفر سے گریز کریں۔ افغانستان کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان مصالحتی عمل کے لئے پاکستان 4 فریقی گروپ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، افغان امن عمل کے لئے ماضی میں بھی مثبت کردار ادا کیا اور مستقبل میں بھی یہ کردار جاری رکھیں گے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ دسمبر میں بھارتی وزیراعظم کا دورہ پاکستان طے پایا ہے جب کہ سیکرٹری خارجہ ملاقات بھی جلد ہوگی اور اس حوالے سے دونو ں ممالک کے حکام تفصیلات طے کرنے کے لئے رابطے میں ہیں، جیسے ہی ضوابط طے پاجائیں گے مذاکرات کئے جائیں گے۔

نفیس زکریا نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرکےعلاقے ہندواڑہ میں 4 نہتے کشمیریوں کی شہادت پر پاکستان کو تشویش ہے جب کہ بھارتی قیدی کرپال سنگھ کی پاکستان میں موت دل کے دورے کے باعث ہوئی، بھارتی قیدی کا آئی سی یو میں بھی علاج کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، لاش بھارت منتقل کرنے کے لئے وزارت داخلہ اور بھارتی ہائی کمیشن کوانتظامات کے لئے کہہ دیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close