اسلام آباد

سب سے پہلے احتساب وزیراعظم اور ان کے خاندان کا ہو نا چاہیے:اعتزاز احسن

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی جیسے جیسے انکوائری ہوتی جائے گی رپورٹیں عوام کے سامنے آتی جائیںگی ۔ان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر چیف جسٹس کی سربراہی میں انکوائری اینڈ ٹرائل ایکٹ کے تحت کمیشن بنا یا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ کمیشن سب سے پہلے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا فیصلہ تین ماہ کے اندرکر ے گا اور پاناما لیکس میں آنے والے دیگر افراد کے ناموں کا فیصلہ ایک سال میں کیا جائے گا ،جن افراد کے خلاف انکوائری ہوتی جائے گی ان کی رپورٹیں عوام کے سامنے آتی جائیں گی۔
اپوزیشن کے ہمراہ میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف انکوائری 1985سے 2016تک بنائے جانے والوے اثاثوں کی انکوائری کی جائے گی،وزیر اعظم سے پوچھا جائے گا کہ بیرون ملک پراپرٹی کن اثاثوں سے خریدی گئی ،کتنے اثا ثے بنائے گئے اور کتنا ٹیکس دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن نے ٹی او آر متفقہ طور پر تیار کر لیا گیا ہے ،ٹی او آرز جلد عوام کے سامنے پیش کردئیے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ اپوزیشن میں وزیر اعظم کے استعفے کے معاملے پر اتفاق نہیں ہے لیکن اس معاملے پر اختلاف بھی نہیں ہے ،پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی اکثریت وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی استعفے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے تاہم کچھ جماعتوں کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کے منصب پر رہنے سے تحقیقات میں فرق نہیں پڑے گا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close