اسلام آباد

حکومت نے آپریشن کیا تو یہاں بیٹھے سب لوگ ہی اپنی جانیں دینے کیلئے تیار ہیں، خادم حسین رضوی

اسلام آباد: تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو پتا ہے کہ ہم کس لئے یہاں دھرنا دے کر بیٹھے ہیں،ہمارا مطالبہ بڑا سیدھا سا ہے کہ جو چور ہے اس کو علیحدہ کیا جائے ،حکومت نے آپریشن کیا تو یہاں بیٹھے سب لوگ ہی اپنی جانیں دینے کے لئے تیار ہیں ،وزیر قانون مستعفیٰ نہیں ہوتے تو پھر ساری حکومت مستعفیٰ ہو جائے ،زاہد حامد کے مستعفی ہوئے بغیر ہم یہاں سے نہیں اٹھیں گے ،یہ ملک ان کی بد معاشی کے لئے نہیں بنا ،اللہ اور رسول اللہ ﷺ کے نظام اور نبی ﷺ کی عزت و ناموس کی حفاظت کے لئے بنا ہے ،وزیر داخلہ احسن اقبال میں رتی بھر بھی ایمان اور غیرت ہے تو وہ پوری قوم کو بتائے کہ اس دھرنے کے پیچھے کون ہے اور اس کے مقاصد کیا ہیں ؟۔

نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو ایک سڑک کی فکر ہے لیکن کیا اسے نبی کریم ﷺ کی عزت و ناموس کی فکر نہیں ہے ؟سپریم کورٹ کو پتا ہے کہ دھرنا تحفظ ختم نبوت کے لئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال جھوٹ بولتے ہیں ،جب ہماری مذاکراتی ٹیم اس کے پاس جاتی ہے تو کہتا ہے کہ میرے پاس یہ مدینہ منورہ کا کپڑا ہے ،میرے پاس غلاف کعبہ ہے ،میری ماں یہاں دفن ہوئی ہے ،میں نے اس سے کہا ہے کہ کیا یہ ہمارے سوال ہیں ،ہم اس لئے لاہور سے چل کر 19 دن سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ،سب لوگ یہاں یہ پوچھنے آئے ہیں کہ احسن اقبال کے پاس مدینہ منورہ کا کپڑا ہے کہ نہیں ؟ احسن اقبال کے پاس غلاف کعبہ ہے کہ نہیں ؟اور وزیر داخلہ کی ماں کہاں دفن ہوئی ہے ؟یہ قرآن کی تلاوت کرتا ہے کہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تو ہمارے سوال ہی نہیں ہیں ،ہمارا سوال تو یہ ہے اور ہم تو اس لئے بیٹھے ہیں کہ ختم نبوت ﷺ پر جو ڈاکہ پڑا ہے ،اس کے مجرم کو قوم کے سامنے لایا جائے تاکہ قیامت تک کوئی اس طرح کی جسارت نہ کر سکے ۔علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ختم نبوت ﷺ اور ناموس رسالت ﷺ پر کبھی کوئی کوتاہی نہیں کی اور نہ ہی کبھی کرے گی ،یہ ان کا پہلے ہی بیان آ چکا ہے ،ہم اپنے مطالبات کی منظوری تک بیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے آپریشن کیا تو یہاں پر بیٹھے ہوئے سب لوگ اپنی جانیں دینے کے لئے تیار ہیں ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close