اسلام آباد

تمام نیوز چینلز کی نشریات بحال

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو نیوز چینلز کی نشریات بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ نجی ٹی وی "جیو نیوز” کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پیمرا کو تمام نیوز چینلز کی نشریات بحال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس کے بعد امکان ہے کہ کچھ دیر میں ملک بھر میں نشریات بحال کر دی جائیں گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے فیض آباد دھرنا مظاہرین کیخلاف آپریشن کے بعد نیوز چینلز کی براہ راست کوریج پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ بعد میں نشریات ہی بند کر دی گئی تھیں۔ ملک بھر کےعوام نیوز چیلنجز تک رسائی نہ ہونے کے باعث ہیجان کا شکار ہیں جب کہ سوشل میڈیا تک رسائی نہ ہونے کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے نیوز چینلز کی بندش کی شدید مذمت کی ہے۔ پی بی اے کے مطابق وہ ایک ضابطہ اخلاق کی دستخط کنندہ ہے جس کی منظوری سپریم کورٹ نے دی تھی اور اس نے ہمیشہ اس کی پابندی بھی کی۔ پی بی اے کے مطابق ایسوسی ایشن کے رکن چینل بڑی ذمے داری سے پاکستانی ناظرین کیلئے نہ صرف واقعات اور احتجاج کو کور کر رہے ہیں بلکہ وہ دھرنے کے اثرات اور اس بارے میں عدالتی فیصلے سے بھی ناظرین کو آگاہ کر رہے ہیں۔ حساس سکیورٹی آپریشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کے مطابق پی بی اے کے رکن چینل ایسی لائیو کوریج سے اجتناب کریں گے جس سے آپریشن پر منفی اثر پڑ سکتا ہو یا سکیورٹی اہل کاروں کی حفاظت کو خطرہ ہو، اس کے علاوہ ایسے حساس مواد کو نشر کرنے سے بھی اجتناب کیا جا رہا ہے جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہو۔ ایسے میں تمام نیوز چینلوں کی یک طرفہ بندش پی بی اے کے لیے قابل قبول نہیں جسے فوری طور پر واپس لیا جائے، تاہم ایسے چینل کیخلاف ایکشن لیا جانا چاہیے جو ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی کرے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close